سونے کے زیورات کی برآمدات معطل، لاکھوں ڈالر کے سودے رک گئے

سونے کے زیورات کی برآمدات معطل، لاکھوں ڈالر کے سودے رک گئے


ملک میں سونے کے زیورات کی برآمدات ایس آر او 760 کی معطلی کے باعث شدید بحران کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے لاکھوں ڈالرز کے غیر ملکی آرڈرز مؤخر ہو گئے ہیں۔ ایکسپورٹرز کے مطابق اس پابندی کے نتیجے میں غیر ملکی خریداروں نے پاکستانی کمپنیوں کو نوٹس بھیجے ہیں اور ایڈوانس گولڈ کی واپسی کے ساتھ واجبات کی ادائیگی روکنے کی شرائط عائد کر دی ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے خریداروں نے اپنے خدشات پاکستانی سفارتخانے کو بھی تحریری طور پر آگاہ کر دیے ہیں۔

پاکستان جیمز جیولری ٹریڈرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ایس آر او 760 معطل ہونے کے بعد مارچ 2025 میں موصول ہونے والے آرڈرز بھی مکمل نہ ہو سکے۔

اور گزشتہ چار ماہ میں ایک گرام زیور بھی برآمد نہیں کیا جا سکا، جس سے 15 ملین ڈالر کا نقصان ریکارڈ ہوا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق 6 ملین ڈالر مالیت کا 50 کلو ایڈوانس گولڈ بھی ملک میں پھنسا ہوا ہے، جو خریداروں نے زیورات کی تیاری کے لیے فراہم کیا تھا۔

ادھر سابق چیئرمین حبیب الرحمن کا کہنا ہے کہ آٹھ بڑے ایکسپورٹرز کے پاس 60 ملین ڈالر کے آرڈرز موجود تھے۔

جو برسوں کی محنت کے بعد بھارت سے چھینے گئے تھے، لیکن موجودہ بحران کے باعث یہ مارکیٹ دوبارہ بھارت کے ہاتھوں میں جا سکتی ہے۔

ان آرڈرز کی تیاری کے لیے غیر ملکی خریداروں سے 50 کلو ایڈوانس گولڈ حاصل کرکے درآمد کیا گیا تھا۔

تاہم 6 مئی کو ایس آر او 760 کی معطلی سے نہ صرف یہ آرڈرز معطل ہوگئے بلکہ ایڈوانس گولڈ کی واپسی کا راستہ بھی بند ہوگیا۔

اب غیر ملکی خریدار قانونی چارہ جوئی پر غور کر رہے ہیں۔ ایکسپورٹرز نے بتایا کہ وہ معاملے کے حل کے لیے متعلقہ وزارتوں اور اعلیٰ سرکاری حکام سے کئی بار ملاقات کرچکے ہیں اور انہیں ایکسپورٹ بحالی کی یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں، مگر کئی ماہ گزرنے کے باوجود یہ وعدے پورے نہیں ہوسکے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top