ٹیپ بال کرکٹ میچ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جب نوجوان بیٹر چھکا مارتے ہی دل کا دورہ پڑنے سے پچ پر گر کر ہلاک ہو گیا۔
بھارتی ذرائع ابلاغ میں یہ واقعہ زیرگردش ہے، جسے کرکٹ کے شائقین نے دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا۔
میچ کے دوران بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کھلاڑی اعتماد کے ساتھ زبردست چھکا لگاتا ہے اور اس کا بیٹنگ پارٹنر اسے شاباش دیتا ہے۔
تاہم اسی دوران وہ اچانک زمین پر گر جاتا ہے، جسے دیکھ کر امپائر، کھلاڑی اور تماشائی دنگ رہ جاتے ہیں۔
بیٹر کو فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا، لیکن وہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔ اس دل دہلا دینے والی ویڈیو کلپ نے آن لائن صارفین میں نئی بحث شروع کر دی ہے۔
کچھ صارفین اس واقعے کو ویکسینیشن کے بعد کے ممکنہ ضمنی اثرات سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں، جبکہ دیگر کا خیال ہے کہ یہ واقعہ نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے تناؤ اور دباؤ کی نشاندہی کرتا ہے۔
ایک صارف نے کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ “آج کے نوجوان مسلسل دباؤ میں ہیں، کام، مالی صورتحال، خاندان، اور یہ عوامل، طرز زندگی کی عادات کے ساتھ مل کر، دل کی صحت کے لیے خطرناک بن رہے ہیں۔
اسی طرح ایک اور صارف نے شیئر کیا کہ “کوئی چھکا کیسے مار سکتا ہے اور اگلے ہی منٹ میں مر سکتا ہے؟ چھکا لگانے کے لیے آپ کو بہت طاقت کی ضرورت ہوتی ہے، اگر اس میں اتنی طاقت ہے تو وہ کیسے مر گیا؟
ایک صارف نے لکھا کہ “زندگی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ یہ کتنی غیر متوقع ہے، فٹنس کی سطح بہتر ہو رہی ہے، لیکن تناؤ، دباؤ اور مخفی طبی حالات کی وجہ سے دل کی صحت کے لیے خطرات بڑھ رہے ہیں۔