وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات، کویت اور عمان جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو درپیش ویزہ مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خلیجی ممالک کے حکام سے بات چیت ہو رہی ہے اور جلد مثبت پیش رفت کی توقع ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستانی شہریوں کی ویزہ درخواستیں مسترد ہونے کی اطلاعات میں اضافہ ہوا ہے۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر داخلہ سے ملاقات طے ہے اور حکومت اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق، حکومت پاسپورٹ کی بین الاقوامی ساکھ بہتر بنانے اور پاکستانی شہریوں کی عالمی نقل و حرکت میں آسانی کے لیے کام کر رہی ہے۔
قومی سلامتی سے متعلق گفتگو میں وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی کا امن ملک کی ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں ’سیف سٹی پروجیکٹ‘ پر کام جاری ہے، جس کے ذریعے جدید نگرانی کے نظام کے تحت جرائم کی شرح کم کرنے کا ہدف ہے۔
یو اے ای جانے والوں کا رویہ بہتر نہ کیا تو مسائل پیدا ہونگے، وزارت سمندر پار پاکستانی
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجرمانہ ریکارڈ کو قومی شناختی کارڈز سے منسلک کرنے کے لیے نادرا کے ذریعے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ ساحلی علاقوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے پاکستان کی 1002 کلومیٹر طویل ساحلی پٹی پر کوسٹ گارڈ کی گشت بڑھا دی گئی ہے۔
پانی کی منصوبہ بندی سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے اعتراف کیا کہ سابقہ حکومتوں نے بڑے شہروں میں پانی کے مسائل کے حل کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے، تاہم انہوں نے مستقبل میں بہتری کی امید ظاہر کی۔