اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی پیداوار میں بہتری اور ویلیو ایڈیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت زرعی شعبے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے زرعی پیداوار میں اضافے اور زرعی اصلاحات کے لیے جامع لائحہ عمل طلب کر لیا۔
شہباز شریف کو زرعی شعبے سے متعلق قائم ٹاسک فورس نے بریفنگ دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبے کی پیداوار میں بہتری اور ویلیو ایڈیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ جبکہ زرعی مشینری، معیاری بیج اور فصلوں کی جغرافیائی منصوبہ بندی پر لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کسانوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کا پلان بھی پیش کیا جائے۔ اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے زرعی شعبے کے تحقیقی مراکز کو مزید فعال بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پائونڈ کیس کی جلد سماعت کی جائے ، عمران خان ، بشریٰ بی بی کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست
شہباز شریف نے مزید ہدایت دی کہ زرعی تحقیقی مراکز میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جدید تحقیق کو یقینی بنایا جائے۔ جبکہ زراعت میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے استفادہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تجاویز کے لیے مشاورتی عمل کو یقینی بنایا جائے۔ اور زرعی شعبے کی ترقی کے لیے صوبائی حکومتوں سے روابط و تعاون کو مربوط بنایا جائے۔