کراچی: سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں۔ پی ٹی آئی کو کسی سے خطرہ نہیں وہ خود اپنی دشمن ہے۔
سینئر صوبائی وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نے علمائے کرام سے ملاقاتیں بھی کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے لیے سندھ بھر میں 49 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے۔ امن و امان قائم رکھنے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لائیں جائیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ چنگ چی رکشہ ایسوسی ایشن نے ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔ حکومت سندھ نے قانون کے تحت 11 شاہراہوں پر چنگ چی رکشہ پر پابندی لگائی تھی۔ انتظامی معاملات چلانا سندھ حکومت کی ذمے داری ہے۔ اور چنگ چی رکشوں کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل سامنے آ رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے 93 ہزار 118 اساتذہ کو بھرتی کیا ہے۔ اور بھرتی کا عمل شفاف تھا۔ ایک بھی بھرتی سفارش پر نہیں ہوئی۔ لاکھوں روزگار دینے والوں نے صرف نعرے لگائے لیکن پیپلز پارٹی نے عمل کیا۔ 93 ہزار خاندانوں کو روزگار بھی ملا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف کی تنقید ، اسپیکر ایاز صادق کا بڑھی ہوئی تنخواہ لینے سے انکار
صوبائی وزیر نے کہا کہ جنہوں نے ملک و قوم کے لیے کچھ نہیں کیا وہی الزامات کی سیاست کر رہے ہیں۔ ایک سابق وفاقی وزیر جو کئی پارٹیوں میں رہ چکے ہیں وہ سیلاب کے وقت کے اعداد و شمار دے رہے ہیں۔ جبکہ سیلاب کے بعد اسکولوں کی حالت بہتر کرنے میں وفاقی حکومت سے وہ مدد نہیں ملی جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کو اپوزیشن کی ضرورت نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کو کسی اور سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ بلکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں۔
The post عمران خان اپنے ہی لوگوں کی سیاست کی وجہ سے جیل میں ہیں، شرجیل میمن appeared first on ہم نیوز.