ایشین فٹ بال فیڈریشن (اے ایف سی) ویمن ایشین کپ کوالیفائرز میں پاک ٹیم نے تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے، یہ ستمبر 2023 کے بعد پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل فتح ہے۔
اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان نے انڈونیشیا کو دو صفر سے شکست دے دی، جو اس ٹورنامنٹ کے کوالیفکیشن مرحلے میں گرین شرٹس کی پہلی کامیابی ہے۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول نادیہ خان نے 8 ویں منٹ میں اسکور کیا۔
دوسرا گول سوہا ہیرانی نے 18 ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کر کے پاکستان کی برتری کو دوگنا کر دیا اور ٹیم کے لیے ایک یادگار فتح یقینی بنائی۔
پاکستانی ٹیم کی انٹرنیشنل رینکنگ 157 ہے جبکہ انڈونیشین ٹیم 95 ویں پوزیشن پر ہے۔
پاکستان اپنا آخری گروپ میچ 5 جولائی کو کرغزستان کے خلاف کھیلے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہوگا۔
قبل ازیں اے ایف سی ویمنز ایشیا کپ کوالیفائرز کے گروپ ڈی میں چائنیز تائپے نے پاکستان کو صفر کے مقابلے میں 8 گول سے شکست دی تھی۔