لاہور: صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا ہے کہ ہمیں کسان پیکج نہیں بلکہ فوڈ سیکیورٹی چاہیے۔
صدر کسان اتحاد خالد کھوکھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ لیکن آج زراعت زبوں حالی کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں کسان پیکج نہیں بلکہ فوڈ سیکیورٹی چاہیے۔ اور فوڈ سیکیورٹی ہو گی تو کسان خوشحال ہو گا۔ دنیا بھر میں فوڈ سیکیورٹی پہلی ترجیح ہوتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سولرائزیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جانا ہے، چیف جسٹس
خالد کھوکھر نے کہا کہ حکومت اگر یہ کہہ دے کہ کسان کو نفع ہوا ہے تو ہم آواز اٹھانا چھوڑ دیں گے۔ لیکن حکومت کیوں نہیں آکر واضح بتاتی کہ کسان کو نفع ہوا ہے یا نقصان۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے مطابق کپاس کی فصل میں 34 فیصد کمی آئی۔ لیکن حقیقت میں کپاس کی فصل میں 60 فیصد کے قریب کمی آئی ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق چاول کی فصل میں 15 فیصد کمی آئی۔ اور اس سال آم کی فصل میں 75 فیصد کمی آئی۔
صدر کسان اتحاد نے کہا کہ گندم کی فصل سے کسان کو پیسے آئیں گے تو دیگر فصلوں پر پیسہ لگائے گا۔ اور آج کسان کے پاس فصل لگانے کے لیے پیسے ہی نہیں ہیں۔