بیریز کا استعمال زائد العمری میں حیران کن نتائج، منفرد تحقیق

بیریز کا استعمال زائد العمری میں حیران کن نتائج، منفرد تحقیق


ایک طویل اور منفرد تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ مختلف بیریز زائد العمری میں زیادہ فائدہ مند ہوتی ہیں، ان کا یومیہ استعمال ضعیف افراد کو کمزوری سے بچانے میں مددگار ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ضعیف العمر افراد بیریز سمیت ’فلوونوئڈ‘ (flavonoid) نامی مرکب سے بھرپور پھل اور سبزیاں کھانے سے صحت مند زندگی پاتے ہیں، ان کے بیمار ہونے کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔

طبی ویب سائٹ کے مطابق ماہرین کی جانب سے 1990 سے 2006 تک کی جانے والی دو مختلف تحقیقات کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران ماہرین نے 62 ہزار خواتین جب کہ 23 ہزار ضعیف العمر مردوں کی صحت، خوراک اور ان کی بیماریوں کو جانچا۔ ماہرین نے تحقیق کے دوران جاننے کی کوشش کی کہ کن افراد نے کون سے پھل اور سبزیاں استعمال کیں اور کن میں زیادہ بیماریاں یا کمزوری پائی گئی۔

ماہرین نے پایا کہ جن ضعیف العمر افراد نے خصوصی طور پر بیریز کی تمام اقسام کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا تھا، ان میں دوسروں کے مقابلے کمزوری کم تھی۔ ماہرین کے مطابق حیران کن طور پر بیریز کو زیادہ کھانے والی خواتین کی صحت مردوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر تھی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ خصوصی طور پر 60 سال کی عمر کے بعد اسٹرابیری، بلیوبیری اور بیریز کی دوسری اقسام کو یومیہ خوراک کا حصہ بنانے سے خواتین میں کمزوری کے امکانات کم ہوتے ہیں۔

جو خواتین یومیہ بیریز یا پھر ’فلوونوئڈ‘ (flavonoid) نامی مرکب سے بھرپور پھل، سبزیاں اور مشروب استعمال کرتی ہیں، ان میں دیگر کے مقابلے کمزور ہونے کے امکانات 15 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں جب کہ ایسی خواتین میں تھکاوٹ، بیماریوں کے شکار ہونے اور بینائی سے متاثر ہونے کے امکانات بھی کم ہوجاتے ہیں۔

نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ اگرچہ مردوں کو بھی بیریز کا استعمال فائدہ دیتا ہے، تاہم بیریز کے استعمال کے باوجود ضعیف العمر مرد کمزوری کا شکار بن سکتے ہیں یا انہیں ایسی خوراک خواتین کے مقابلے کم فائدہ دیتی ہے۔

ماہرین نے تجویز دی کہ ضعیف العمر افراد کو بیریز، کیلے، چائے، کافی، پیاز، ٹماٹر، آڑو اور ’فلوونوئڈ‘ (flavonoid) مرکب سے بھرپور دیگر غذاؤں کا استعمال زیادہ کرنا چاہیے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top