بلوچستان میں آسمان پر رنگ برنگی روشنیوں کا ہالہ بننے کی اصل وجہ سامنے آگئی

بلوچستان میں آسمان پر رنگ برنگی روشنیوں کا ہالہ بننے کی اصل وجہ سامنے آگئی


وادی کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج صبح آسمان پر رنگ برنگی روشنیوں کا دلکش ہالہ دیکھنے کو ملا، جس نے شہریوں کو حیران کر دیا۔ شہریوں نے اس نایاب منظر کو اپنے موبائل فونز میں قید کر لیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے ویڈیوز و تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

یہ منفرد نظارہ صبح تقریباً 6 بج کر 20 منٹ پر کوئٹہ، نوشکی، دالبندین اور قریبی علاقوں میں دیکھا گیا، جب آسمان پر ایک خوبصورت قوسِ نُما ہالہ مختلف زاویوں سے چمکتا دکھائی دیا۔ چند منٹوں بعد منظر دھیرے دھیرے مدھم ہوا اور تقریباً 6:45 پر افق سے غائب ہو گیا۔

183 ملین جی میل اکاؤنٹس کا ڈیٹا لیک

تاہم، اس دلکش مظہرِ قدرت کے پیچھے کوئی ماورائی راز نہیں بلکہ ایک قدرتی سائنسی عمل تھا۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق،آج صبح کوئٹہ کے مشرقی پہاڑی سلسلے کوہِ مردار کے اوپر ایک نایاب قسم کے لینٹیکیولر بادل (Lenticular Clouds) کی تشکیل دیکھی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ بادل دراصل عدسے (لینس) کی شکل کے ہوتے ہیں، جو عموماً پہاڑوں کے اوپر مستحکم اور نم ہوا کے گزرنے سے بنتے ہیں۔ جب ہوا پہاڑوں کے اوپر سے گزرتی ہے تو فضائی لہریں پیدا ہوتی ہیں، اور جہاں یہ ٹھنڈی ہو کر اپنے نقطۂ شبنم تک پہنچتی ہے، وہاں یہ بادل تشکیل پاتے ہیں، جبکہ نچلی جگہوں پر بخارات بن کر غائب ہو جاتے ہیں۔

انگوٹھے اور انگلیوں کے نشانات دیتے وقت انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ

انجم نذیر کے مطابق، ایسے بادل بعض اوقات اپنی اُڑن طشتری جیسی ہموار شکل کی وجہ سے لوگوں کو ’’UFO‘‘ یا نامعلوم فضائی اشیاء کا گمان دلاتے ہیں۔ تاہم یہ ایک قدرتی اور سائنسی مظہر ہے جو مخصوص موسمی حالات میں ہی نظر آتا ہے۔

شہریوں نے اس خوبصورت منظر کو “قدرت کا حسین کرشمہ” قرار دیا، جبکہ سوشل میڈیا پر کوئٹہ کے آسمان پر بننے والے ان “جادوئی بادلوں” کی تصاویر دیکھنے والوں کو دلفریب احساس میں مبتلا کر گئیں۔





Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top