ایمازون کا پوری دینا سے 14 ہزار ملازمین فارغ کرنے کا اعلان

ایمازون کا پوری دینا سے 14 ہزار ملازمین فارغ کرنے کا اعلان


ای کامرس کمپنی ایمازون نے عالمی سطح پر اپنے کارپوریٹ اسٹاف میں سے 14 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ مصنوعی ذہانت (AI) کے بڑھتے استعمال اور انتظامی ڈھانچے میں سادگی لانے کے لیے کیا گیا ہے۔

ایمازون کی جانب سے جاری نوٹ کے مطابق اس اقدام کا مقصد بیوروکریسی کم کرنا، اضافی انتظامی سطحیں ختم کرنا اور وسائل کو کمپنی کے اہم منصوبوں کی جانب منتقل کرنا ہے۔

کمپنی کے سینئر نائب صدر بیتھ گلیٹی نے کہا کہ ایمازون آئندہ برسوں میں بھی بھرتی کے عمل کو “انتخابی بنیادوں پر” جاری رکھے گا، بعض شعبوں میں کمی جبکہ دیگر میں نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔

رپورٹس کے مطابق ایمازون نے کورونا وبا کے دوران ضرورت سے زیادہ بھرتیاں کی تھیں، جنہیں اب بتدریج کم کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ سال کے اختتام پر کمپنی کے کل ملازمین کی تعداد 15 لاکھ 60 ہزار سے زائد تھی، جن میں سے تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار کارپوریٹ شعبے میں ہیں۔

نوٹ میں مزید کہا گیا کہ متاثرہ ملازمین کو 90 روز کا وقت دیا جائے گا تاکہ وہ کمپنی کے اندر کسی نئی پوزیشن کے لیے درخواست دے سکیں، جبکہ بھرتی کے عمل میں انہیں ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جائے گا۔

ایمازون کے سی ای او اینڈی جیسی نے کہا ہے کہ کمپنی مستقبل میں جنریٹیو اے آئی پر مزید انحصار کرے گی، جو انسانی افرادی قوت کی ضرورت کو کم کر دے گا۔

کمپنی اس سال 118 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، جس کا بڑا حصہ کلاؤڈ اور اے آئی انفراسٹرکچر پر خرچ ہوگا۔





Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top