راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے علاقے کرم اور شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران 25 خوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران شمالی وزیرستان کے اسپین وام میں 15 خوارج ہلاک ہوئے۔
کرم اور شمالی وزیرستان کے اسپین وام میں 2 گروہوں کی نقل و حرکت پکڑی گئی۔ خوارج کے دونوں گروہ پاک افغان سرحد عبور کرنے کی کوشش میں تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ جبکہ مارے جانے والوں میں 4 خودکش بمبار بھی شامل تھے۔ کرم کے علاقے غکی میں 10 درانداز خوارج مارے گئے۔
مارے گئے خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ضمنی انتخاب، مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے نام فائنل
ترجمان پاک فوج کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 5 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
